پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ علامہ اقبال کانفرنس سے خطاب کیا۔
گورنر نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ہماری زندگی اور قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جن کے افکار آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور ان پر عمل پیرا ہو کر ہم اقبال کے خواب کے مطابق ملک کی تعمیر کر سکتے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار اور فلسفے کو نوجوان نسل تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبال نے مسلمانوں کو خودی، خودداری اور بلند حوصلے کا درس دیا اور نوجوانوں کو اپنی فکر کا موضوع بناتے ہوئے انہیں شاہین سے تشبیہ دی، جب کہ ان کا تصورِ خودی انسان کو اپنی قوت اور کردار سازی کی طرف لاتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے تعلیم کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کا بنیادی راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔
نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے کیوں کہ ہمارا مقصد خیبرپختونخوا کو ایک نکھرتا، ابھرتا اور بدلتا ہوا صوبہ بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔
تعلیمی اداروں میں فکری اور علمی سرگرمیوں کے فروغ اور مختلف قومی و تعلیمی موضوعات پر سیمینارز کے انعقاد سے طلباء و طالبات کی بہتر رہنمائی کی جا سکتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے علامہ اقبال کانفرنس کے انعقاد اور اقبال کی فکر کو نئی نسل تک پہنچانے پر مسلم انسٹی ٹیوٹ اور منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔


