پشاور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) پشاور ریجن نے جانے خوڑ میرہ باچا خیل، علاقہ پولیس سٹیشن بڈابیر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 05 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا.
کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو تین ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
سی ٹی ڈی کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ ٹی ٹی پی کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے ولد الماس، ساکن تیراہ، ضلع خیبر، اپنے دیگر مسلح دہشت گرد ساتھیوں سمیت بمقام بالا موجود ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
مصدقہ اطلاع پر سی ٹی ڈی SWAT ٹیمیں جدید اسلحہ سے لیس ہو کر فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں۔
جوانوں نے بمقام جانے خوڑ میرہ باچا خیل دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی کے ساتھ پوزیشن سنبھالی۔
دہشت گردوں نے دیکھتے ہی سی ٹی ڈی جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
جوانوں نے اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مواثر جوابی کارروائی کی۔
دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔
فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 05 دہشت گرد ہلاک پائے گئے، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
دورانِ آپریشن ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے 2/3 ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا.
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 03 عدد کلاشنکوف، 02 عدد پستول، 01 عدد دستی بم، 06 عدد میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔
بھاری نفری موقع پر پہنچ کر فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے ملک دشمن عناصر کے خلاف موثر کارروائی پر جوانوں کو داد دیتے ہوئے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


