وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے روکتے ہوئے واضح کیا کہ باہمی اختلافات اور بیانات سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے، اس لیے کابینہ ارکان افہام و تفہیم سے کام کریں اور اپنی توجہ عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں، معاشی بہتری اور سیاسی استحکام پر مرکوز رکھیں، جبکہ صوبائی نمائندے بھی مثبت رویہ اپنائیں ۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے درمیان حالیہ لفظی گولہ باری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ارکان کو ایک دوسرے پر تنقید اور سیاسی بیان بازی سے فوری باز رہنے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ باہمی بیان بازی کا سلسلہ ہر صورت تھمنا چاہیے، کیونکہ اس سے عوام اور اداروں میں غیر ضروری اور منفی تاثر ابھرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کابینہ کے تمام ارکان باہمی ہم آہنگی، مشاورت اور افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھیں ۔
شہباز شریف کے مطابق، اس طرح کے بیانات ترقیاتی ایجنڈے اور عوامی مسائل سے توجہ ہٹاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی کارکردگی بہتر ہے اور انہیں اپنی پوری توانائیاں عوام کو ریلیف دینے اور ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر صرف کرنی چاہئیں، انہوں نے صوبائی سطح کے نمائندوں پر بھی زور دیا کہ وہ غیر ضروری بیانات کے بجائے تعمیری مکالمے کو آگے بڑھائیں ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت عوامی بہبود کے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے اور معیشت کو استحکام سے پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے، جس کے لیے سیاسی ہم آہنگی اور استحکام ناگزیر ہے ۔


