صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے خیبرپختونخوا کے انتظامی اور قانونی معاملات سے متعلق 5 صدارتی آرڈیننسز جاری کر دیئے گئے ہیں، جن کے تحت صوبائی اسمبلی کے اراکین کی بیشتر مراعات ختم کر دی گئی ہیں جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور مدارس کی رجسٹریشن کے نظام میں بھی بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔
اسلام آباد: نئے صدارتی احکامات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کو حاصل قانونی استثنا اور مراعات کا بڑا حصہ منسوخ کر دیا گیا ہے، اس قانون میں شامل 40 میں سے 21 دفعات کو ختم کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اب کسی رکن اسمبلی کی گرفتاری یا حراست کے لیے سپیکر سے پیشگی اجازت لینے کی شرط باقی نہیں رہی ۔
اس کے علاوہ اراکین کو حفاظتی حراست، سول اور فوجداری مقدمات سے حاصل قانونی تحفظ، گرفتاری کے بعد اجلاس میں حاضری اور اسمبلی یا کمیٹیوں کے استحقاق مجروح ہونے سے متعلق شقیں بھی حذف کر دی گئی ہیں ۔
اسی طرح صوبائی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر مراعات کے تعین کے لیے علیحدہ آرڈیننس نافذ کیا گیا ہے، ترقیاتی امور کی نگرانی کے لیے صوبے کے 12 مخصوص اضلاع اور باقی اضلاع کے واسطے الگ الگ ‘سپیشل انیشی ایٹیو آرڈیننس 2026’ جاری کیے گئے ہیں، ان احکامات کی روشنی میں ترقیاتی منصوبوں کی دیکھ بھال کے لیے ایگزیکٹو کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔
12 مخصوص اضلاع کی کمیٹیوں کے چیئرمین اور اراکین کی نامزدگی کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہوگا، جبکہ دیگر اضلاع کی کمیٹیوں کے اراکین کا تقرر گورنر خیبرپختونخوا کریں گے، خصوصی منصوبوں کے اس آرڈیننس کو دیگر قوانین پر فوقیت حاصل ہوگی اور اس کے تحت لیے گئے فیصلوں کو سول عدالتوں میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا ۔
مزید برآں، ایک اور صدارتی آرڈیننس کے ذریعے خیبرپختونخوا سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے دینی مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق نئی شق شامل کی گئی ہے، اس ترمیم کے بعد ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن (DGRE) کے پاس پہلے سے رجسٹرڈ مدارس کو سوسائٹیز ایکٹ کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔


