پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے میچز پشاور میں بھی منعقد ہوں گے اور ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ بھی اسی شہر میں کھیلا جائے گا ۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پشاور کے شائقینِ کرکٹ اس لمحے کے طویل عرصے سے منتظر تھے، اور پی ایس ایل کو یہاں لانے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پشاور کے باسی اس ایونٹ کا استقبال اپنی روایتی گرم جوشی اور جوش و خروش کے ساتھ کریں گے، محسن نقوی نے مزید بتایا کہ سہ فریقی سیریز (ٹرائی سیریز) اور پی ایس ایل مقابلوں کے انعقاد کے بعد پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ میچز بھی کرائے جائیں گے ۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ گزشتہ برس بھی بھرپور کوشش کی گئی تھی تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر یہ ممکن نہ ہو سکا، اب صوبے کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے نئے مواقع میسر آئیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی ٹیم کا ہر تیسرا کھلاڑی اسی صوبے سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے یہاں کرکٹ کا فروغ ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں بھی بہترین کھلاڑی سامنے آتے رہیں ۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سابق حکومت نے پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر دیا تھا، جسے ہم دوبارہ بحال کریں گے،انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت اپنے 13 سالہ دور میں ایک بھی نیا اسٹیڈیم تعمیر نہیں کر سکی ۔


