اسلام آباد سے ارشد اقبال کی تحریر: ۔
جنوبی ایشیا کی تاریخ محض جغرافیائی سرحدوں کے کھنچنے یا سلطنتوں کے عروج و زوال کی داستان نہیں، بلکہ یہ صدیوں پر محیط تہذیبی، ادبی اور فکری ارتقا کا ایک ایسا مجموعہ ہے جس کے نقوش صدیاں گزرنے کے بعد آج بھی برصغیر کے در و دیوار پر ثبت ہیں ۔
حال ہی میں بھارت میں منعقد ہونے والی ایک عالمی تہذیبی کانفرنس میں وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کے خطاب نے خطے کے سیاسی، ادبی اور فکری حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔
سفارتی آداب، ادبی چاشنی اور تہذیبی گہرائی کے امتزاج پر مبنی وفاقی وزیر کی گفتگو کو مبصرین کی جانب سے ایک یادگار خطاب قرار دیا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے مرزا اسد اللہ خان غالب کے فکری و ادبی ورثے کو بنیاد بنا کر برصغیر کی مشترکہ تہذیب کا مقدمہ نہایت مدلل انداز میں پیش کیا ۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے اپنے خطاب میں اس نکتے پر خصوصی زور دیا کہ تہذیبیں محض اینٹ گارے کی عمارتوں یا سیاسی نعروں سے تشکیل نہیں پاتیں، بلکہ ان کی اصل روح ادب، شاعری، رواداری اور انسان دوستی میں پوشیدہ ہوتی ہے ۔
انہوں نے مرزا غالب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غالب محض ایک شاعر نہیں بلکہ اس تہذیبی روایت کے امین تھے جہاں سوال اٹھانے کی آزادی، فکر کی وسعت اور انسان سے محبت کو بنیادی قدر حاصل تھی،ان کا کہنا تھا کہ غالب کی شاعری کا وہ آفاقی پیغام جس میں "آدمی کو بھی میسر نہیں انساں ہونا” جیسا درد اور تڑپ موجود ہے، آج کے دور میں بھی برصغیر کے کروڑوں انسانوں کے مشترکہ دکھوں اور خوابوں کی ترجمانی کرتا ہے ۔
مصدق ملک کے دلائل کا مرکزی نکتہ یہ تھا کہ جب ہم تہذیب کی بات کرتے ہیں تو ہمیں اس فکری روایت کو زندہ رکھنا ہوگا جس نے دہلی اور لاہور سے لے کر کلکتہ اور ڈھاکہ تک علم و ادب کے چراغ روشن کیے ۔
پاکستانی صحافت اور فکری حلقوں میں اس خطاب کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے۔ ایک طبقے کا ماننا ہے کہ شدید سفارتی تناؤ اور کشیدگی کے اس ماحول میں بھارت کی سرزمین پر کھڑے ہو کر غالب کے تہذیبی استعاروں کے ذریعے مکالمے اور رواداری کی بات کرنا ایک مدبرانہ اور جرات مندانہ قدم ہے ۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے اپنے مخصوص علمی انداز میں یہ باور کرایا کہ تہذیبی برتری کا دعویٰ دوسروں کو نیچا دکھانے سے نہیں بلکہ اپنی علمی و اخلاقی میراث کی پاسداری سے ثابت ہوتا ہے ۔
انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ برصغیر کی صدیوں پرانی گنگا جمنی تہذیب نے دنیا کو ہم آہنگی کا درس دیااور آج جب نفرت اور تعصب کی دیواریں بلند کی جا رہی ہیں، تو غالب جیسے مفکرین کا کلام ہمیں یاد دلاتا ہے کہ انسانیت کا رشتہ تمام سرحدوں اور تعصبات سے بالاتر ہے ۔
دوسری جانب سیاسی مبصرین اور ناقدین کا ایک حلقہ اس پہلو کی طرف بھی توجہ دلاتا ہے کہ محض ادبی حوالوں اور تہذیبی مکالمے سے خطے کے پیچیدہ سیاسی اور جغرافیائی تنازعات حل نہیں ہو سکتے ۔
اس نقطہ نظر کے حامل افراد کا کہنا ہے کہ تہذیبی ہم آہنگی کی خواہش اپنی جگہ مگر پاک بھارت تعلقات میں حائل بنیادی رکاوٹوں، بالخصوص کشمیر جیسے دیرینہ مسائل اور زمینی حقائق کو نظر انداز کر کے پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ان کے نزدیک تہذیب کا تقاضہ یہ بھی ہے کہ کمزور کے حقوق کا احترام کیا جائے اور طاقت کے بجائے انصاف کو بالادستی دی جائے ۔
تاہم اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں جنوبی ایشیا کے کروڑوں عوام کی خوشحالی خطے میں امن و استحکام سے مشروط ہے، ڈاکٹر مصدق ملک کا یہ خطاب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ سیاسی اختلافات کی خلیج جتنی بھی گہری ہو جائے، فکری اور تہذیبی سطح پر مکالمے کے دروازے مکمل طور پر بند نہیں ہونے چاہئیں ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ خطے کی قیادت غالب کی اس تہذیبی بصیرت اور انسانی ہمدردی کی روح کو سمجھتے ہوئے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی راہ ہموار کرے تاکہ آنے والی نسلوں کو نفرت اور تصادم کے بجائے ایک پرامن، مہذب اور روشن مستقبل ورثے میں مل سکے ۔
اصل کامیابی تب ہوگی جب آج کی نئی نسل کل کسی نشست میں تہذیب کا ذکر چھیڑے، تو وہ غالب کی فکر کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرے جنہوں نے اس روشنی کو اگلی نسل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا ۔


