ہانگ کانگ میں جاری سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم نے بھارت کا 89 رنز کا ہدف 3.5 اوورز میں حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ۔
ہانگ کانگ: مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں پاکستان کے کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 88 رنز سکور کئے،بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نے 11 گیندوں پر 40 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے ۔
پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے ایک اوور میں 10 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم نے ٹارگٹ 3.5 اوورز میں ہی حاصل کرلیا، پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 2 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 41 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ کپتان عباس آفریدی نے 35 رنز سکور کئے ۔
قومی ٹیم کے بیٹر عبد الصمد اور عرفان خان بالترتیب 7 اور 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔


