اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بین الاقوامی مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل (A&M) کے شمالی امریکہ آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اقتصادی اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور میرٹ و شفافیت کے فروغ کے ذریعے معاشی ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو بین الاقوامی منڈیوں کے لیے مزید کھولنے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ اقتصادی ماہرین سے مشاورت کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی اور مالیاتی استحکام کا مشکل ہدف حاصل کرنے کے بعد حکومت گہری اور بنیادی نوعیت کی ادارہ جاتی اقتصادی اصلاحات کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
ان اقدامات کا مقصد برآمدات پر مبنی ترقی اور پیداواری معیشت کے نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قومی صنعت و پیداوار کی کارکردگی اور استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت سرکاری ملکیتی اداروں کی معاشی افادیت اور پائیداری کا جائزہ لینے کے لیے فعال حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ترقی کے عمل کو مؤثر اور تیز رفتار بنانے کے لیے ماہرین کی ٹیم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت اہمیت رکھتی ہے۔
پاکستان اقتصادی ترقی کو مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اور فعال بین الاقوامی مشاورتی فرموں کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کے لیے تیار ہے۔
الویریز اینڈ مارسل کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
پیٹر بریگز نے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی اقتصادی ماہرین کے ساتھ روابط قائم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے۔


