دوحہ: پاکستان، قطر، ترکیہ اور انڈونیشیا نے دفاعی صنعت میں تعاون کو فروغ دینے اور سٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے کے لیے کثیرالجہتی مفاہمتی یادداشت ’’بدر‘‘ پر دستخط کر دیے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کیے گئے۔
تقریب میں چاروں ممالک کی وزارتوں اور دفاعی صنعتی اداروں نے شرکت کی۔
اس معاہدے کا مقصد دفاعی پیداوار، تکنیکی تربیت اور تحقیق و ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
تقریب میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن الثانی، پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گولر، انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع مارشل یوسف جوہاری اور ترکیہ کی دفاعی صنعتوں کی اتھارٹی کے سربراہ پروفیسر ہالوک گورگن نے شرکت کی۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت چاروں ممالک دفاعی سازوسامان کی تیاری میں اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تعاون، تکنیکی مہارت اور صنعتی استعداد میں اضافہ کریں گے۔
اس کے علاوہ دفاعی تحقیق و ترقی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ جدید دفاعی ضروریات کے مطابق حل اور مصنوعات تیار کی جا سکیں۔
اس معاہدے کو چاروں ممالک کے لیے اقتصادی لحاظ سے بھی اہم قرار دیا گیا ہے، جس کے ذریعے دفاعی صنعتوں میں اشتراک اور پیداواری صلاحیت کو فروغ دے کر اتحادی اور دوست ممالک کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔


