حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری ہے، مذاکرات میں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماشریک ہیں ۔
اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی میزبانی اور صدارت کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے وفود مذاکرات میں حصہ لے رہے ہیں ۔
وفاقی وزیر امیر مقام، سینیٹر شیری رحمان، محسن نقوی، طلال چوہدری، رانا ثنا اللہ، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی بھی مذاکرات میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ چکے ہیں، پی ٹی آئی کے سلمان اکرم راجہ اور عامر ڈوگر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے ۔
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک میں انصاف، آئین کو بحال کرو، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، بانی پی ٹی آئی کو علاج کےلیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے ۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خلوص نیت سے مذاکرات کر رہے ہیں، دیکھتے ہیں مذاکرات کے دوسرے دور میں کیا نتیجہ نکلتا ہے ۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کہ جمہوری انداز میں معاملے کا حل نکلے، امید پر دنیا قائم ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مذاکرات کی تجویز پیش کی اور پھر یہ سلسلہ شروع ہوا ۔


