بنوں: 7 پولیس اہلکاروں کے اچانک تبادلوں کے خلاف بنوں اور لکی مروت کی پولیس امن کمیٹیوں نے احتجاج کیا ہے ۔ بنوں پولیس امن کمیٹی نے اہلکاروں سے احتجاج اور ڈیوٹیوں کے بائیکاٹ کی اپیل بھی کردی ۔
تفصیلات کیمطابق ڈیوٹیوں کے بائیکاٹ کے باعث بنوں میں پولیس سکیورٹی اور ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے ۔ امن کمیٹی نے ڈی آئی جی ، ڈی پی او ، ہائیکورٹ بنچ سمیت دیگر اہم مقامات سے پولیس اہلکار واپس بلا لیے ہیں ۔
مقامی ذرائع کے مطابق سی پی او پشاور نے 7 اہلکاروں کے فوری تبادلوں کے احکامات جاری کیے تھے ، جن میں لکی مروت پولیس امن کمیٹی کے صدر خالد خان سمیت دیگر ارکان بھی شامل ہیں۔ تبادلوں سے متاثرہ اہلکاروں کو مختلف اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے
پولیس اہلکاروں کے ڈیوٹی بائیکاٹ کے باعث حساس مقامات پر سکیورٹی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں ، جبکہ ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی کے باعث اہم شاہراہوں پر رش بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں کو ٹریفک جام اور آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
بنوں اور لکی مروت کی پولیس امن کمیٹیوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ 7 اہلکاروں کے تبادلوں کے احکامات فوری طور پر منسوخ کیے جائیں ۔


