خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں، دونوں صوبوں میں مختلف آپریشنز کے دوران انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائیوں میں مزید 49 دہشتگرد کو ہلاک کردیئے گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران پولیس کے ہمراہ انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائیاں کیں، اس دوران 49 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کےمطابق بلوچستان میں مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 37 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعدادمیں ہتھیار، دھماکہ خیزمواد، ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لےکر تلف کردیئے گئے ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بنوں، شمالی وزیرستان، اور کزئی اورخیبر اضلاع میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جہاں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سےتعلق رکھنے والے 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا، کارروائیوں میں دھماکہ خیز مواد،آئی ای ڈیز،ہتھیار،گولہ بارود اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں ۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج، فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کے لیے جاری بلاتعطل انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ تھیں ،بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانےکی کوششوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا، سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دیگربھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے، ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہےگی ۔


