لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں وہاڑی، بوریوالا، تاندلیوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیروالا، چک جھمرہ، بھلوال اور اٹک میں پی ڈی پی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔
کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی کے پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا.
ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے پراجیکٹس پر رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دیا۔
مریم نواز نے پی ڈی پی فیز ون کی کیس اسٹڈی اور عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے سیوریج اور ڈرینج پراجیکٹس پر امپیکٹ اسٹڈی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 29 شہروں میں انڈرگراؤنڈ اسٹوریج ٹینک مکمل فعال ہیں جبکہ 21 شہروں میں اسٹوریج ٹینک کی تعمیر جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مون سون کے فوراً بعد ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کے سروے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کو شاباش دی۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز باغبانپورہ سانحہ میں آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک 27 گھنٹے خود موجود رہے۔
گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹے سے پہلے نکاسی آب مکمل کرنے پر بھی انہوں نے اظہار مسرت کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج سسٹم کے بعد نکاسی آب میں واضح بہتری آئی ہے۔
مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بارشوں کے دوران عوام کی سہولت کے لیے دن رات ایک کرنے والے افسران اور اہلکار شاباش کے مستحق ہیں۔


