خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں آٹے کی قلت اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے تمام فعال فلور ملز کو روزانہ 2 ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کے مطابق صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد تمام فعال فلور ملز کو روزانہ 100 کلوگرام کے 20 ہزار تھیلے گندم فراہم کیے جائیں گے۔
محکمہ خوراک کے مطابق 100 کلوگرام گندم کے تھیلے کی قیمت 11 ہزار 200 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 2 ہزار 500 روپے ہوگی۔ پرچون سطح پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 520 روپے میں دستیاب ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق گندم کی فراہمی آبادی کے تناسب سے تمام ڈویژنز اور اضلاع میں کی جائے گی۔ اس کے تحت پشاور ڈویژن کو روزانہ 16 ہزار 450، مردان ڈویژن کو 7 ہزار 420، مالاکنڈ ڈویژن کو 20 ہزار 90، ہزارہ ڈویژن کو 9 ہزار 905، کوہاٹ ڈویژن کو 6 ہزار 20، بنوں ڈویژن کو 4 ہزار 970 اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کو 5 ہزار 145 آٹے کے تھیلوں کے مساوی گندم فراہم کی جائے گی۔
محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صوبے میں آٹے کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا اور قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔


