لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے 15 اضلاع میں نکاسیٔ آب کے لیے بہترین اور جدید ترین 272 مشینوں کی فراہمی مکمل ہونے پر سیوریج مشینوں کی علامتی چابیاں متعلقہ واسا حکام کے سپرد کر دیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکیورٹی ہٹا کر واسا ورکرز کو اپنے پاس بلا لیا اور ان کی خواہش پر گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واسا ورکرز کو دل لگا کر کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے ان کے لیے نئی بہترین مشینری کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا۔
صوبائی وزیر بلال یسٰین اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے واساز کو 12 اقسام کی 272 مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں۔
پنجاب کے 41 اضلاع میں واسا کو 696 مشینیں اور آلات کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ واساز کو لوڈر رکشہ، ٹریکٹر ٹرالی، سیور ونچ مشین، ڈی سلٹنگ مشین، سیور جیٹنگ مشین، ڈی واٹرنگ پمپ، واٹر باؤزر، ڈمپ ٹرک، ٹریکٹر، بیکو مشین، سیور سیکشن مشین، وہیل ایکس کیویٹر اور ٹرک بوم کرین فراہم کی گئی ہیں۔
سیور سیکشن مشین، وہیل ایکس کیویٹر اور ٹرک بوم کرین بھی واسا ڈسٹرکٹس میں پہنچ گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر شہر کے ہر شہری کے لیے آسانی اور سہولت ہمارا عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں واسا نیٹ ورک کو 2 سے 41 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے اور عوام کی آسانی کے لیے مؤثر سیوریج اور جدید نکاسیٔ آب کے سسٹم کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔


