پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان نے نجی کمپنی کے طیارہ حادثے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی کارگو طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے، ترجمان کے مطابق طیارہ شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے پرواز کے دوران رابطہ منقطع ہوا ۔
پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی کے مطابق کے ٹو ایئرویز کا کارگو طیارہ KTA1732، بوئنگ 737-400، رجسٹریشن AP-BOI، شارجہ سے کراچی آرہا تھا ۔
پی اے اے کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر، کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی۔ طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا۔ طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی۔ طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ رات 9 بج کر 21 منٹ پر، کراچی سے 155 میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا ۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا، طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوا، نجی کارگو طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے ۔
ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فوری طور پر فعال کردیا گیا، لاپتہ کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مختلف ادارے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔


