الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے، 45 انتخابی حلقوں سے مجموعی طور پر 852 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔
مظفرآباد: الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق 45 انتخابی حلقوں سے مجموعی طور پر 852 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جبکہ 320 سے زائد امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ۔
اعداد و شمار کے مطابق میرپور کے 4 حلقوں سے 98، بھمبر کے 3 حلقوں سے 63، جبکہ کوٹلی کے 6 حلقوں سے 135 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔
باغ اور حویلی کے 3 حلقوں سے 83، جبکہ پونچھ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں سے 126 امیدوار انتخابی سیاست کا حصہ ہیں، ضلع نیلم کے 2 حلقوں سے 51، ضلع مظفرآباد کے 5 حلقوں سے 126 اور ضلع جہلم ویلی سے 34 امیدوار میدان میں ہیں ۔
علاوہ ازیں مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 مخصوص نشستوں پر بھی 126 امیدوار قسمت آزمائی کریں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق 24 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ان کے انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے گئے ہیں، جبکہ آزاد امیدواروں کو بھی جلد انتخابی نشانات جاری کر دیئے جائیں گے،حتمی امیدواروں کی فہرست جاری ہونے کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے ۔


