وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ میں ہم بڑی چیزیں لے کر آئیں گے، وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم کے لیے قرض کا حصول آسان بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم کے اجراء کی تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی، اس اسکیم کے تحت 1 کروڑ تک قرض آسان شرائط پر دستیاب ہو گا۔
اس اسکیم کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہو گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسکیم کا باقاعدہ اجراء کیا اور اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھر سے محروم ہے، لوگوں کو چھت کی فراہمی مقدس فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھر کے لیے قرض حاصل کرنے والوں کو مبارک باد دیتا ہوں، عام آدمی کو چھت کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ اسکیم چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسکیم کے تحت پہلا ہدف 50 ہزار گھروں کے لیے قرض ہے، اس اسکیم کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، آئندہ 4 برس میں ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس اسکیم کا حجم 3.2 کھرب روپے کا ہے، 10 مرلے کی زمین تک گھر بنایا جا سکے گا، میں اس اسکیم کا ہر مہینے خود جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جو بینکس اس اسکیم میں لیڈ لیں گے وہ ہمارے سروں کے تاج ہوں گے، ان بینکوں کو ہم 14 اگست کو ایوارڈ دیں گے، اس سے انڈسٹری اور کامرس چلے گی اور ملک میں خوش حالی کے دروازے کھلیں گے۔


