ہزارہ ڈویژن میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بیشتر تجارتی مراکز اور مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہیں جبکہ کچھ علاقوں میں جزوی طور پر کاروبار کھلا رہا ۔
مانسہرہ: بازار بند ہونے کے باعث شہریوں کو روزمرہ اشیاء کی خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سبزی، دودھ، ادویات اور دیگر ضروری سامان کے حصول کے لیے عوام کو پریشانی کا سامنا رہا ۔
پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر رہی، بسیں، ویگنیں اور رکشے سڑکوں سے غائب رہے جس کے باعث مسافروں کو سفر میں شدید دشواری پیش آئی، کئی افراد طویل فاصلہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق ہڑتال مجموعی طور پر پُرامن رہی تاہم کاروباری مراکز بند ہونے اور ٹرانسپورٹ معطل ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی گئی جبکہ سیکیورٹی فورسز بھی الرٹ رہیں ۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاج کے ساتھ ساتھ عوام کی بنیادی سہولتوں کا بھی خیال رکھا جائے تاکہ عام آدمی مزید متاثر نہ ہو ۔


