ایبٹ آباد میں سردی کے موسم میں اضافہ ہونے کے بعد نمونیا کے کیسز میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال اور ایوب میڈیکل کمپلیکس میں جنوری کے شروع سے اب تک 900 سے زائد بچے نمونیا سے متاثر ہوئے ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق شدید متاثرہ بچوں کو ہسپتالوں میں داخل کر کے طبی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ کم متاثرہ بچوں کو طبی معائنے کے بعد گھر میں علاج جاری رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
اس وقت بھی ہسپتالوں میں 100 سے زائد بچے زیر علاج ہیں، جن میں زیادہ تعداد 10 سال سے کم عمر بچوں کی ہے۔
نمونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صحت کے ادارے والدین کو خبردار کر رہے ہیں کہ بچوں کو گرم رکھیں اور علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی مدد حاصل کریں۔


