ایبٹ آباد: گلیات میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں گزشتہ دو دنوں کے دوران 40 ہزار سے زائد سیاحوں نے سیر و تفریح کے لیے رخ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی کے مطابق گلیات کے تمام مرکزی اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر کلیئر ہیں اور سیاحوں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنایا گیا ہے۔
شاہ رخ علی نے بتایا کہ گلیات میں اب تک 10 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں تاہم مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔ ہرنو اور باڑیاں سمیت گردونواح کے علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں سیاح گلیات پہنچے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق اب تک کسی قسم کا کوئی حادثہ یا سیاحوں کی جانب سے کوئی شکایت رپورٹ نہیں ہوئی، جو کہ انتظامیہ کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیاحتی انتظامات کی نگرانی وہ خود موقع پر کر رہے ہیں تاکہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ان کا قیام خوشگوار بنایا جا سکے۔


