نئے سال کے موقع پر مری میں سکیورٹی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) مری کے مطابق آئندہ دو روز کے لیے مری مال روڈ پر صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ بیچلر سیاحوں کو مال روڈ کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیاح فیملیز کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ نئے سال کی تقریبات خوشگوار انداز میں منائی جا سکیں۔
دوسری جانب ملکہ کوہسار مری اور گرد و نواح کے علاقے گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہیں، جہاں نئے سال کی خوشیاں منانے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے 2 جنوری تک بارشوں اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
متوقع برف باری کے پیشِ نظر مری اور گلیات میں محکمہ ہائی وے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ہائی وے مکمل طور پر الرٹ رہے، جبکہ برف ہٹانے کے لیے مشینری اور عملہ ہمہ وقت فعال رکھا جائے تاکہ سڑکوں کی بندش سے بچا جا سکے اور سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔


