نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ انڈسٹریل اور سپیشل اکنامک زون کے قیام کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔
گلگت: محکمہ معدنیات، انڈسٹریز اور کامرس کی جانب سے دیئے جانے والے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمدنے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں بے پناہ قدرتی معدنیات کے وسائل موجود ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ان معدنیات کی تفصیلی جیالوجیکل سروے اور میپ موجود نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کی حقیقی معدنی ذخائر تک رسائی ممکن نہیں ہوسکی، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت گلگت بلتستان، وفاقی حکومت کے تعاون کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے سائنٹفک سروے لازمی ہے جس کے بغیر بین الاقوامی سرمایہ کار معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے سے اجتناب کرتے ہیں ۔
جسٹس (ر) یار محمدنے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ دینے سے گلگت بلتستان میں روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور تعمیر و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کیلئے پاک ۔چائنہ بارڈر پر ٹیکس میں دی گئی چھوٹ سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے محکمہ فوری طورپر اقدامات کرے ۔


