ضلع ایبٹ آباد میں کھیلوں کے فروغ اور ثقافتی ورثے کے احیاء کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور ریجنل سپورٹس آفس ایبٹ آباد کے تعاون سے ہزارہ کے سب سے بڑے نو تعمیر شدہ دوتار سپورٹس گراونڈ میں شاندار جشنِ نیزہ بازی کا انعقاد کیا گیا ۔
ایبٹ آباد: دوتار کے علاقے میں محکمہ سپورٹس کی زمین پر 85 کنال سے زائد رقبے پر سپورٹس گراونڈ قائم کیا گیا، جہاں نوجوانوں کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہی ں۔
تقریب میں مشیرِ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ہر ضلع میں معیاری کھیلوں کا انفراسٹرکچر فراہم کیا جا رہا ہے ۔
تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی علی خان جدون، ارکانِ صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی اور افتخار خان جدون، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم اور ریجنل سپورٹس آفیسر ایبٹ آباد محمد زمان نے معزز مہمانوں کے ہمراہ نیزہ بازی کے مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔
ملک بھر سے آنے والے گھڑ سواروں نے مقابلوں میں اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کیا، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں تین لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی گئی ۔
ضلعی انتظامیہ اور ریجنل سپورٹس آفس کی یہ کاوش نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے ۔


