پاکستان نيوی نے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب تجربہ پاکستان کی تکنیکی مہارت کا بھرپور مظہر ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کی نمایاں مثال ہے، سیاسی اور عسکری قیادت نے کامیاب تجربہ پر سائنس دانوں کو مبارکباد دی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ نے جہاز سے داغے جانے والے ملکی ساختہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ جہاز سے داغے جانے والا اینٹی شپ بیلسٹک میزائل جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، یہ ہتھیار سمندری اور زمینی دونوں اہداف کو انتہائی درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میزائل میں اسٹیٹ آف دی آرٹ گائیڈنس سسٹم اور جدید مناوری کی خصوصیات شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینئر سائنس دانوں اور انجینئرز نے اس اہم تجرباتی فائر کا مشاہدہ کیا، جو کامیاب تجربہ پاکستان کی تکنیکی مہارت کا بھرپور مظہر ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کی نمایاں مثال ہے ۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم نواز شریف، فیلڈ مارشل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس سنگ میل کی کامیابی پر شامل یونٹس، سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے ۔


