وزارت داخلہ کی جانب سے 23 نومبر کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب کیلئے پاکستان آرمی، سول آرمڈ فورسز اور مقامی پولیس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے موقع پر نامزد عسکری و سول افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات بھی تفویض کردیئے ۔
اسلام آباد: وفاقی وزرات داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے دن سے عام فورسز دوسرے درجے پر بطور کوئیک ری ایکشن فورس تعینات رہیں گی، ضمنی الیکشن کے دن پاکستانی فوج بطور کوئیک ری ایکشن فورس تیسرے درجے پر تعینات رہیں گی ۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی 23 نومبر کے ضمنی انتخابات کیلئے پاکستان آرمی، سول آرمڈ فورسز اور مقامی پولیس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیااور نامزد عسکری و سول افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات بھی تفویض کیے ہیں ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 22 تا 24 نومبر کے دوران پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو اسٹینڈ بائی/ ریسپانس موڈ میں تعینات کیا جائے گا، رینجرز کو فوری ردعمل یونٹس کے طور پر تیسری دفاعی پرت میں خدمات فراہم کرنے کا اختیار دیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 22 تا 24 نومبر کے دوران ضابطہ فوجداری کے مطابق کسی بھی خلاف ورزی، ہنگامی صورتحال یا جرم کے ارتکاب کی صورت میں خلاصہ کارروائی عمل میں لا سکیں گے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تعینات فورسز کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مکمل اختیارات حاصل ہوں گے، انتخابی دنوں کے دوران کسی بھی قانون شکن سرگرمی، ہنگامہ آرائی یا رکاوٹ کو بروقت اور مؤثر انداز میں روکا جا سکے ۔
یاد رہے کہ 23 نومبر کو ہری پور سمیت ملک کے مختلف قومی و صبوائی اسمبلی کے حلقوں پر ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں ، ان حلقوں میں NA-18 ہری پور سمیت PP-115 فیصل آباد، PP-116 فیصل آباد، PP-269 مظفرگڑھ، NA-185 ڈیرہ غازی خان، PP-73 سرگودھا، NA-96 فیصل آباد، NA-104 فیصل آباد، این اے143 ساہیوال، PP-98 فیصل آباد، PP-203 ساہیوال، NA-129 لاہور اور PP-87 میانوالی شامل ہیں ۔


