کرک میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس میں پولیس کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے، ڈپٹی کمشنر کرک کے مطابق فائرنگ میں کالعدم تنظیم کا ایک کمانڈر مارا گیا ۔
کرک( ابرار خٹک) پولیس حکام کے مطابق علاقہ امبیری میں دہشت گردوں کے موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی اور اس دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے،زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی پولیس اہکاروں میں ڈی ایس بی انچارج اختر حیات ، پولیس کانسٹیبل نجیب اللہ اور مجاہد شامل ہے ۔
کے ڈی اے ہسپتال کے ترجمان اسحاق خان کے مطابق کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈپٹی کمشنر کرک اسد سرور کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر نثار حکیم کو ہلاک کر دیا گیا ہے ۔
5 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مقابلے میں خطرناک کمانڈر نثار حکیم انجام کو پہنچا جب کہ مقابلے کے دوران 3 پولیس اہل کار معمولی زخمی ہوئے، ہلاک دہشتگرد کمانڈر بین الصوبائی دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا، جس کے قبضے سے اسلحہ ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔
دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی، کرک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے والے دلیر سپوت قابل فخر ہیں ۔


