وفاقی حکومت نےمانسہرہ کے عوام کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کے لئے کیا وعدہ پورا کر دیا، کچھ عرصہ قبل وفاقی وزیر سردار محمد یوسف ،مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما کیپٹن صفدر اعوان اور ضلعی صدر مسلم لیگ ن سید جنید علی قاسم نے شوگران میں پانی کے سورس کا دورہ بھی کیا اور شوگران میں پریس کانفرنس بھی کی تھی ۔
مانسہرہ کے عوام نے وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان ہونے والے گریویٹی فلو واٹر سپلائی سکیم کے معاہدے کو ایک تاریخی اور عوام دوست سنگِ میل قرار دیا ہے ۔
یہ معاہدہ وفاقی حکومت (Economic Affairs Division) اور حکومت خیبرپختونخوا (محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ) کے مابین اسلام آباد میں طے پایا ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محترم پختون یار خان بھی موجود تھے، معاہدے پر وفاق کی جانب سے ڈاکٹر اجلال خٹک (جوائنٹ سیکریٹری EAD) اور صوبے کی جانب سے سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبرپختونخوا داؤد خان نے دستخط کیے ۔
اس منصوبے کی مجموعی لاگت 85.25 ملین امریکی ڈالر ہے، جس میں خیبرپختونخوا حکومت کا حصہ 44.25 ملین امریکی ڈالر جبکہ سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ (SFD) کا قرضہ 41 ملین امریکی ڈالر ہے ۔
یہ منصوبہ میونسپل کارپوریشن مانسہرہ کے 3,059 ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا اور اس سے براہِ راست دو لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے ۔
منصوبے کی تکمیل کی مدت تین سال رکھی گئی ہے، ضلع مانسہرہ کے عوام نے مسلم لیگ ن کی مرکزی حکومت اور مانسہرہ سے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف ، مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما کیپٹن ر صفدر اعوان ، ضلعی صدر سید جنید علی قاسم کا شکریہ ادا کیا ہے ۔