مظفرآباد: پولیس نے بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’را‘ کو جی پی ایس لوکیشن فراہم کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق راولاکوٹ سے ہے اور اس کے خلاف تھانہ صدر مظفرآباد میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کر رہا تھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم نے حساس نوعیت کے ملکی راز دشمن ملک کی ایجنسی کو بھاری معاوضے کے عوض فراہم کیے۔ پولیس نے بتایا کہ تفتیشی عمل میں مزید انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل، 6 مئی کی رات بھارتی فوج نے مظفرآباد کی بلال مسجد پر میزائل حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں مسجد کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ واقعے کے بعد یہ خدشات ظاہر کیے گئے تھے کہ بھارت کو مقامی سطح سے معلومات فراہم کی گئی تھیں۔