اسلام آباد میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے طلبا کو منشیات فروخت کرنے والے بین الاقوامی نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران ایک غیر ملکی خاتون کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جو طلبا کو منشیات فراہم کرنے میں سرگرم تھی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار خاتون نائیجیریا کی شہری ہے جس کی شناخت وصیلت اموسا عرف علابہ کے نام سے ہوئی۔ خاتون کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-13 میں واقع ایک فلیٹ سے حراست میں لیا گیا جہاں سے 180 گرام اعلیٰ معیار کی کوکین برآمد کی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ ملزمہ کا تعلق نائیجیریا کے شہر لاگوس سے ہے اور اس کا پاسپورٹ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتار خاتون طلبا کو منشیات کی فراہمی کے منظم نیٹ ورک کا حصہ تھی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان نے یہ بھی یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں سے متعدد نائیجیرین منشیات فروش گرفتار کیے جا چکے ہیں، جو اسی طرز کے نیٹ ورکس کے ذریعے نوجوانوں کو نشہ آور مواد فراہم کرتے تھے۔