مری اسلام آباد ایکسپریس وے پر اچانک لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑ سے بڑے بڑے پتھر سڑک پر آن گرے جس سے شاہراہ کا نصف حصہ بری طرح متاثر ہو گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو گئی اور حکام نے سڑک کو فوری طور پر بند کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق ایکسپریس وے کا تقریباً آدھا حصہ بھاری پتھروں کی زد میں آ گیا ہے جبکہ مزید حصے کے بھی لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ اسی خطرے کے پیش نظر ٹریفک کو ہر طرح کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ڈی سی مری نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور راستہ کھولنے کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ حصہ جلد صاف کر کے مری اسلام آباد ایکسپریس وے کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔