مری میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے تمام تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق 19 اور 20 اگست کو مری کے تمام نجی اور سرکاری اسکولز بند رہیں گے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں 21 اگست تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس دوران بارشوں کی شدت عام دنوں کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق شمالی علاقہ جات اور پوٹھوہار ریجن اس غیر معمولی بارش سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
مزید برآں، راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کے امکانات پائے جاتے ہیں، جو کہ اچانک اور شدید بارش کے نتیجے میں سیلابی ریلے پیدا کر سکتا ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔