ملک بھر میں آج 78واں یومِ آزادی ملی جوش و خروش اور غیر معمولی حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں توپوں کی سلامی سے ہوا، جہاں پاک فوج کے جوانوں نے 31 توپوں کی سلامی دی، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر "اللہ اکبر” اور "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔ نمازِ فجر کے بعد مساجد میں وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی، اتحاد اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
رات 12 بجتے ہی آزادی کا جشن شرو ع ہوگیا۔ بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی اور آزادی کی یاد میں ملک کا ہر شہر، ہر گلی اور محلہ سبز ہلالی پرچم اور برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور آزادی کے جشن میں شریک ہوئے، جگہ جگہ ریلیاں اور تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اور "معرکہ حق” کی فتح کی مناسبت سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی کابینہ کے اراکین، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، دوست ممالک کے سفراء اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے چاق چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا جبکہ تینوں مسلح افواج کے بینڈز نے ملی نغمے اور دھنیں بجا کر سماں باندھ دیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر "یادگارِ معرکہ حق” کے ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی۔
لاہور میں دن کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ کوئٹہ میں کینٹ کے علاقے میں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور مساجد میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ مزار قائد کراچی اور مزار اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے قوم کو آزادی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بیرونی جارحیت کے مقابلے میں قوم نے اپنی قوت، عزم اور اتحاد کا شاندار مظاہرہ کیا، اور "معرکہ حق” میں کامیابی غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کا ثبوت ہے۔ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں پاکستان نے تحمل، حکمت اور بھرپور دفاعی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کو ایک امن پسند مگر دباؤ کے آگے نہ جھکنے والے ملک کے طور پر دیکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس پرمسرت موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو مبارکباد پیش کی۔ بیان میں کہا گیا کہ یومِ آزادی وحدت، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کے عزم کی علامت ہے، اور افواجِ پاکستان ان رہنماؤں، مدبّروں اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے وطن کی بنیادیں رکھیں۔