ایشین کرکٹ کونسل نے دبئی میں شیڈول ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا اعلان کر دیا، پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا، پاکستان 12 ستمبر کو عمان اور 17 ستمبر کو یواے ای کے خلاف میدان میں اترے گا ۔
ایشین کرکٹ کونسل کے اعلامیے کے مطابق 9 سے 28 ستمبر تک ہونے والے میگا ایونٹ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کے گراؤنڈ کریں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول ایونٹ کا ہائی وولٹیج مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔
ایشیائی ٹورنامنٹ کے 19 میچز میں سے 12 کی میزبانی دبئی کرکٹ سٹیڈیم کرے گا جبکہ 7 میچز ابو ظبی کے میدان میں کھیلے جائیں گے، سپر فور مرحلہ اور 28 ستمبر کو فائنل مقابلہ بھی دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں میچز دبئی سٹیڈیم میں ہوں گے، قومی ٹیم 12 ستمبر کو پہلے میچ میں عمان کا سامنا کرے گی، شاہینوں کا دوسرا مقابلہ 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف ہوگا، تیسرے میچ میں گرین شرٹس 17 ستمبر کو یو اے ای کیخلاف میدان میں اُتریں گے ۔
سپر فور میں پاکستان اور بھارت کےکوالیفائی کرنےکی صورت میں دونوں ٹیموں کا 21 ستمبر کو دبئی میں آمنا سامنا ہوسکتا ہے ۔
ایشیا کپ 2025 میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، ان ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
پاکستان ، بھارت، یو اے ای اور عمان گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ افغانستان، سری لنکا، بنگلادیش اور ہانگ کانگ کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائےگا ۔