ملک بھر کے دیگر علاقوں کی طرح خانپور کے بالائی علاقوں میں بھی شدید بارشوں کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے زمینی رابطے منقطع ہو گئے جبکہ بجلی کا نظام بھی معطل ہونے سے علاقے کے لوگوں کو شدیدی مشکلات کا سامنا ہے ۔
خانپور کے بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈسلائیڈنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، کوہمل بالا میں لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک مکان کی چھت گرنے سے علاقہ مکین متاثر ہوئے،تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
ادھر بیس بن کے مقام پر شدید لینڈسلائیڈنگ کے باعث متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جس سے مقامی افراد کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
کمال پور میں لینڈسلائیڈنگ سے بجلی کا پول گر گیا، جس کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے ۔
انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور بحالی کا کام جاری ہے ۔