وزیرِاعظم شہبازشریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر محمد معین وٹو نے تربیلا ڈیم کا دورہ کیا، اس دوران وفاقی وزیر کو جھیل میں پانی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔
ہری پور: وزیرِاعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو نے تربیلا ڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں تربیلا جھیل میں پانی کی موجودہ صورتحال، پانی کے ذخائر، اخراج اور بجلی پیداوار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
اس موقع پر چیئرمین واپڈا اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ تربیلا جھیل میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے اور پانی کا ذخیرہ ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منظم انداز میں کیا جا رہا ہے ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ڈیم کی سیکیورٹی، انتظامی اقدامات اور آئندہ مانسون کے دوران ممکنہ چیلنجز پر بھی گفتگو کی ۔
وزیر محمد معین وٹو نے ہدایت کی کہ پانی کے مؤثر استعمال اور بچاؤ کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ملک کو پانی کی قلت جیسے مسائل سے بچایا جا سکے ۔