گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والے سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے ہیں، خیبرپختونخوا میں علی بابا 40 چوروں کی حکومت ہے ،صوبے بھر میں کرپشن کا بازار گرم ہے، صوبے میں 500 سے 700 ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے ،
کوئٹہ میں خضدار حملے کی زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والے سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے ہیں، خیبرپختونخوا میں علی بابا 40 چوروں کی حکومت ہے، خضدارمیں افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردوں نے سانحہ اے پی ایس میں بھی بچوں کونشانہ بنایا تھا، جنگ کے دوران بچوں اور خواتین کو نشانہ نہیں بنایا جاتا، بزدل دشمن ہماری سکیورٹی فورسز کا مقابلہ نہیں کر سکتا ۔
گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہئے، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا ہے ، ہمارا مستقبل تعلیم سے وابستہ ہے، تعلیم اور صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔