راولپنڈی پولیس نے کہا ہے کہ عالمی فاسٹ فوڈ چین کے آئوٹ لٹ پر حملے میں ملوث شرپسندوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شناخت کرلی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق عالمی فاسٹ فوڈ چین کینٹکی فرائیڈ چکن (کے ایف سی)کی صدر کے علاقے میں واقع آئوٹ لٹ پر اتوار کی شب مسلح افراد نے ہلہ بول دیا تھا۔
اس واقعے کی ایف آئی آرکے ایف سی صدر برانچ کے منیجر نے کینٹ پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ(148مہلک ہتھیاروں سے مسلح ہو کر فساد کرنا)، 149(غیر قانونی اجتماع کا ہر رکن مشترکہ مقصد کے حصول میں کیے گئے جرم کا مجرم ہوگا) اور ( 506مجرمانہ دھمکی، اگر دھمکی موت یا سخت چوٹ پہنچانے کی ہو وغیرہ)کے تحت درج کرائی ۔مدعی نے بتایا کہ وہ اتوار کی رات ساڑھے 8بجے برانچ میں بطور منیجر کام کر رہا تھا جب اس نے شور سنا اور دفتر سے باہر نکلنے پر 10، 12افراد کو لاٹھیوں اور سریوں سے مسلح دیکھا، جو ریستوران میں موجود دیگر گاہکوں اور خاندانوں کو گالیاں دے رہے تھے اور نعرے لگا رہے تھے۔
ایف آئی آر میں درج ہے کہ جب ہم نے انہیں ایسا کرنے سے روکا تو انہوں نے ہمیں گالیاں دیں اور ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے، میں ان کے خلاف درخواست دائر کر رہا ہوں جس کے تحت کارروائی کی جانی چاہئے۔دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے جاری بیان میں کہا ہے کہ مشتبہ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے ،انہیں جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی فوڈ چینز کی برانچوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ قانون شکنی، فساد اور شہریوں کے ساتھ بدتمیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پیغام واضح ہے کہ جو لوگ قانون کی خلاف ورزی کریں گے اور فساد برپا کریں گے ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔