اسلام آباد: سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان میں ججز تقرریوں پر حکم امتناع ختم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان میں ججز تقرریوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت میں ہوئی۔اٹارنی جنرل نے عدالت میں کہا کہ حکومت آرڈر 2018 کے مطابق تقرریاں کرے گی، معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل گلگت بلتستان سے بات کی تھی۔ اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نےکہا کہ اٹارنی جنرل صاحب ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، اگر ناانصافی ہوئی تو پھر مسائل بنیں گے۔
جسٹس محمد علی مظہر نےکہا کہ ہمیں ابھی ججز تقریوں کا مقدمہ نمٹانا چاہیے۔ سماعت میں گلگت بلتستان حکومت کی جانب سےججز طریقہ کارسےمتعلق درخواست واپس لے لی گئی۔ بعد ازاں اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل گلگت بلتستان کےدرمیان ججز تقریوں کے طریقہ کارپراتفاق ہوا جس کے بعد سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان میں ججز تقرریوں پرحکم امتناع ختم کردیا۔ سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان میں تقرریوں سے متعلق دیگر درخواستوں کو 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا۔