ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں سکیورٹی فورسز نےانٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 9 دہشتگردہلاک ہو گئے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دہشتگردوں کا ایک انتہائی مطلوب سرغنہ شیرین بھی شامل تھا جبکہ مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشترد لیڈر شیرین قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے انتہائی مطلوب تھا، کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ 20 مارچ 2025 کو کیپٹن حسنین اختر شہید کی شہادت میں بھی ملوث تھا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ آپریشن نے اس سنگین جرم کا بدلہ لے لیا ہے اور مرکزی مجرم اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بچے ہوئے دہشتگرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔
دوسری جانب صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کارروائی میں دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کےخاتمے کے لیےکامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا ۔