گلگت : وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات، ایمان شاہ نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق گمراہ کن اور بے بنیاد بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا یہ پروپیگنڈا دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش ہے۔
ایمان شاہ نے اپنے سخت ردعمل میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت دیا ہے، اور بھارت کی جھوٹی بیان بازی سے حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جسے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی خواہشات کے تحت حل کیا جانا ہے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر توجہ دے، جہاں بے گناہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کا شکار ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سختی سے نوٹس لے۔ ایمان شاہ نے واضح کیا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا اور بھارت کے غیر قانونی عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے ہر ممکن سفارتی و سیاسی اقدامات کرے گا۔