خان پور: نواحی علاقے چھوئی سے لاپتہ ہونے والی 35 سالہ شادی شدہ خاتون کی لاش خان پور ڈیم سے برآمد ہوئی۔
مقتولہ حمیداں بی بی زوجہ شکیل احمد پندرہ روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوئی تھی، جس کی گمشدگی کی رپورٹ ورثا نے تھانہ خان پور میں درج کرائی تھی۔ گزشتہ روز خان پور ڈیم سے خاتون کی لاش ملنے پر ایس ایچ او تھانہ خانپور پولیس کی بھاری نفری لے کر موقع پر پہنچ گئے ۔
ریسکیو 1122 نے لاش نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خان پور منتقل کی، جہاں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ قتل ہے یا خودکشی اہلِ علاقہ نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خاتون کی موت کی وجوہات سامنے لانے کے لیے شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر یہ قتل ہے تو ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔