ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے تاہم پہاڑوں پر ہر سو برف کی سفیدی چھائی ہوئی ہے، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے ہے۔
سب سے زیادہ سردی لہہ اور گوپس میں ہے جہاں پارہ منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسی کے ساتھ لہہ اور گوپس ملک کے سرد ترین علاقے قرار دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ استور، کالام، اسکردو، مالم جبہ، کوئٹہ اور قلات میں بھی شدید سردی کا راج برقرار ہے۔ دوسری جانب وادی کاغان میں برفباری نے وادی کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیے، سیاحوں کے لیے شوگران روڈ کو بحال کر دیا گیا۔
وادی کاغان اور شوگران میں جاری برفباری کا سلسلہ تھم گیا، سیاحتی مقام شوگران میں طویل عرصہ تک خشک سالی کے بعد برفباری نے وادی کے حسن کو مزید نکھار دیا ہے ہر طرف برف کے دلفریب نظاروں سے سیاح لطف اٹھاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ دوسری جانب کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے پہلی بار شوگران روڈ کو سیاحوں کی چھوٹی گاڑیوں کے لیے بھی بحال کررکھا ہے۔ سیاح آسمان سے برستے موتیوں سے جہاں لطف اٹھا رہے ہیں وہیں پر ایک دوسرے پر برف کے گولے پھینک کر بھی ہلہ گلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ادھر کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، جس کے باعث سردی بڑھ گئی۔