یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ساڑھے چار سال بعد پی آئی اے کی یورپ میں پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی۔ قومی ائیرلائن کی پہلی پرواز جمعہ دس جنوری کو اسلام آباد سے پیرس کےلیے روانہ ہوگی جس کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔
پی آئی اے کی پرواز پیرس ایئرپورٹ پر پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے اور مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے لینڈ کرے گی۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس موقع کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے اور پہلی پرواز کو رخصت کریں گے۔
مسافروں کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی طور پر فرانس کی مشہور یادگار ‘آرک ڈی ٹرومف’ کا ماڈل بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ تقریب کو یادگار بنایا جا سکے۔
ادھر پیرس ایئرپورٹ پر بھی پی آئی اے کی پہلی پرواز کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ پاکستانی سفارتخانے کے حکام اور فرانسیسی ایوی ایشن حکام کی موجودگی میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔
پی آئی اے کی جانب سے اس بحالی کو یورپ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور مسافروں کو براہ راست سہولت فراہم کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔