راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع کرک میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو اپنے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لانس حوالدار عباس علی شہید غذر ، نائیک محمد نذیر شہید سکردو جبکہ نائیک محمد عثمان شہید کو آبائی علاقے اٹک میں سپرد خاک کیا ۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہمارے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں ۔
واضح رہے کہ تینوں جوان گزشتہ روز کرک میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے تھے ، اس دن پشاور ،مہمند اور کرک میں 3 مختلف کارروائیوں میں 19 دہشتگرد بھی ہلاک کئے گئے تھے ۔