اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف احتجاج کے کیس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دے دیا ۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر احتجاج کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید ، واثق قیوم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر ملزمان پیش نہیں ہوئے ۔
عدالت نے دورانِ سماعت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا جب کہ عامر کیانی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی ۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کی طرف سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے لیے درخواست بھی دائر کی گئی ۔
عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی اور درخواستوں پر دلائل طلب کر لیے ۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ آئی 9 میں 2022ء میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔