اسلام آباد: بیلاروس کے صدر ایلیکزانڈر لوکاشینکو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی کے پی اے ایف نور خان ائیر بیس پر بیلاروس کے صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سینئر سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
بیلاروس کے صدر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر 25 سے 27 نومبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دوران بیلاروس کے صدر کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوگی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت بھی ہوگی۔
دورے میں بیلاروس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئےمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونگے ، بیلاروس کے وزیر خارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا۔
وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزرا سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں۔ حکومتی ترجمان کے مطابق بیلا روس کے صدر کا دور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔