یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کے خلاف ملازمین نے احتجاج بڑھاتے ہوئے ہیڈ آفس سے ڈی چوک کی جانب مارچ شروع کر دیا ہے۔
سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار نے ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا عندیہ دیا تھا، جس پر ملازمین نے احتجاج کی کال دی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کا دھرنا اب ڈی چوک میں ہوگا۔ اور ان کا مطالبہ ہے کہ کارپوریشن کی بندش کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
ملک بھر میں 4,000 سے زائد یوٹیلیٹی اسٹورز ہیں جو عوام کو کم قیمت پر اشیاء فراہم کرتے ہیں، مگر وقفے وقفے سے کرپشن کی خبریں بھی آتی رہتی ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج کے باعث ڈی چوک کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے۔ احتجاجی ملازمین سری نگر ہائی وے پر آگئے اور وہاں ٹریفک بلاک کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرکے ملازمین کو بے روزگار کیا جا رہا ہے، اور وہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔