وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو گلگت اور سکردو کے ہوائی اڈوں کی توسیع کے لئے جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت شعبہ ہوا بازی کی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں شہباز شریف نے سکردو انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور گلگت ایئر پورٹ کی توسیع کے حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے اور سیاحت کے فروغ کے لیے سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں۔
وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکردو ایئرپورٹ کی توسیع کے لیے جلد فزیبلٹی رپورٹ پر کام شروع ہو جائے گا جبکہ ہوائی اڈوں پر آٹومیٹڈ بارڈر کنٹرول کی تنصیب کے لیے اظہارِ دلچسپی بھی موصول ہو چکے ہیں۔
اجلاس میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولیات میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات اور پاکستان میں سیاحتی کے لیے ہوائی اڈوں پر نجی کمپنیوں کی پروازوں کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت کی۔