حیدرآباد کے پریت آباد میں مہلک سلنڈر دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہو گئی ہے.
کراچی کے سول اسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق پانچ زخمی زیر علاج ہیں جن میں دو سالہ حرم اشرف اور 35 سالہ اشرف حسین شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔دیگر زخمیوں میں پانچ سالہ کنزہ ذیشان، چھ سالہ عالیہ ایم فرخ اور نو سالہ فیضان اشرف شامل ہیں۔
یہ المناک دھماکہ گزشتہ ہفتے جمعرات کو حیدرآباد کے پریت آباد علاقے میں مائع پٹرولیم گیس (ایل این جی) سلنڈروں کی دکان میں ہوا تھا۔شام 6 بجے پہلے دھماکے کے بعد جب لوگ آگ بجھانے کے لیے دکان کی طرف بڑھے تو ایک اور زور دار دھماکا ہوا جس نے دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور شہر کے گنجان آباد علاقے میں کچھ ملحقہ مکانات اور دکانوں میں آگ لگ گئی۔ ابتدائی طور پر دو ہلاکتوں اور 49 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ شدید زخمیوں کو سول اسپتال حیدرآباد، کمبائنڈ ملٹری اسپتال اور سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے سے ایک رکشہ بھی جل گیا اور متعدد راہگیر زخمی ہوئے۔